اعتکاف

9 مارچ، 2026   •   حافظ عبد الخالق قدوسی حفظہ اللّٰه

کیا اعتکاف کرنے سے دو حج اور دو عمرے کا ثواب ملتا ہے؟

اعتکاف کی فضیلت میں اتنا ہی کافی ہے کہ رسول کریم صلی اللّٰه علیہ وسلم اعتکاف کیا کرتے تھے، اور یہ بہت بڑی عبادت ہے باقی اس کی فضیلت میں پیش کی جانے والی یہ روایت موضوع ہے اور شعب الایمان للبیہقی میں درج ذیل سند سے موجود ہے:

حدیث

أخبرنا أبو طاهر الفقيه أخبرنا أبو طاهر المحمد آباذي حدثنا أحمد بن يوسف السلمي حدثنا سعيد بن سليمان حدثنا هياج حدثنا عنبسة بن عبد الرحمن بن سعيد بن العاص عن محمد بن زاذان عن علي بن حسين عن أبيه قال قال رسول اللّٰه صلى اللّٰه عليه وسلم من اعتكف عشرا في رمضان كان كحجتين وعمرتين

یہ روایت نبی کریم صلی اللّٰه علیہ وسلم کی منسوب کی جاتی ہے کہ آپ نے فرمایا کہ جس نے رمضان میں دس دن اعتکاف کیا گویا کہ دو حج اور دو عمرے کیے۔

تخریج

  • شعب الایمان للبیہقی رقم الحدیث 3680، 3681
  • المعجم الکبیر للطبرانی رقم الحدیث 2888

تحقیق

یہ روایت موضوع ہے۔

سند میں درج ذیل علتیں ہیں:

نمبر ایک

محمد بن زاذان منکر الحدیث راوی ہے۔

امام بخاری رحمہ اللّٰه ، امام ذھبی رحمہ اللّٰه ، اور حافظ ابن حجر عسقلانی رحمہ اللّٰه وغیرہ آئمہ کرام رحمہم اللّٰه نے جرح کی ہے۔

نمبر دو

عنبسۃ بن عبد الرحمن متروک الحدیث اور متھم بوضع الحدیث راوی ہے۔

امام بخاری رحمہ اللّٰه ، امام ترمذی رحمہ اللّٰه ، امام ذھبی رحمہ اللّٰه ، امام ابو حاتم رحمہ اللّٰه ، اور حافظ ابن حجر عسقلانی رحمہ اللّٰه وغیرہ آئمہ کرام رحمہم اللّٰه نے جرح کر رکھی ہے۔

نمبر تین

ھیاج بن بسطام بھی ضعیف راوی ہے۔

اس روایت پر جرح کرنے والے آئمہ کرام رحمہم اللّٰه کا نام درج ذیل ہے:

  • امام بیہقی رحمہ اللّٰه نے اس روایت کو ضعیف کہا ہے۔
  • حافظ ابن ملقن رحمہ اللّٰه نے بھی اس روایت پر جرح کی ہے (البدر المنیر لابن الملقن 5/770)
  • علامہ ہیثمی رحمہ اللّٰه نے بھی جرح کی ہے (مجمع الزوائد 3/173)
  • امام ذھبی رحمہ اللّٰه کے نزدیک بھی یہ روایت ثابت نہیں ہے (میزان الاعتدال للذھبی 3/302)

لہذا یہ روایت موضوع ہے۔

اوپر جائیں

ھذا ما عندی واللّٰه اعلم باالصواب


قدوسی ریسرچ سینٹر